چارسدہ: سرڈھیری پولیس نے بروقت اور کامیاب کارروائی کرتے ہوئے اسلحے کی نوک پر اغواء ہونے والی 16 سالہ لڑکی کو ضلع ہنگو سے بحفاظت بازیاب کرلیا، جبکہ کارروائی کے دوران ایک خاتون سمیت تین ملزمان کو گرفتار کرلئے گئے۔
10 ستمبر 2026 کو تھانہ سرڈھیری پولیس کو ایک کم عمر لڑکی کے اسلحے کی نوک پر اغواء ہونے کی اطلاع موصول ہوئی، جس پر مقدمہ درج کرکے فوری طور پر تفتیش کا آغاز کیا گیا۔ڈی پی او چارسدہ نے واقعے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے مغویہ کی بحفاظت بازیابی کے لیے پانچ خصوصی ٹیمیں تشکیل دیں۔
ڈی پی او چارسدہ کے مطابق ابتدائی تفتیش میں یہ بات سامنے آئی کہ واقعہ دونوں خاندانوں کے درمیان رشتے کے تنازعے کے پس منظر میں پیش آیا۔ پولیس کے مطابق ملزمان نے پہلے لڑکی کا رشتہ مانگا تھا، تاہم انکار کے بعد مبینہ طور پر اسی لڑکی کو اسلحے کے زور پر گھر سے زبردستی اغواء کرلیا گیا۔
چارسدہ پولیس نے جدید ٹیکنالوجی، مسلسل تعاقب اور مربوط حکمت عملی کے ذریعے مغویہ کا سراغ لگایا اور بالآخر اسے ضلع ہنگو سے بحفاظت بازیاب کرلیا۔کارروائی کے دوران ایک خاتون سمیت تین ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے، جن میں ایک خاتون سمیت دو مرد شوکت ولد ایاز اور ریاض ولد خانزادہ شامل ہیں۔ گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے۔
